کیا ہو رہا ہے؟
یسوع اپنے شاگردوں کو بتاتے ہیں کہ اُن کی زندگی میں اُنہیں کس قسم کے دُکھ اُٹھانے پڑیں گے (لوقا 21:32)۔ یسوع دلیری سے پیش گوئی کرتے ہیں: یروشلیم اور ہیکل گِر جائیں گے (لوقا 21:6، 24)۔ یہودیوں کے لیے یہ خبر حیران کن، بلکہ کفر کے مترادف ہوتی۔ یروشلیم اور ہیکل نجات کے لیے خدا کے منصوبے کے مرکز کی نمائندگی کرتے تھے۔ اُن کی بربادی کی پیش گوئی کرنا گویا یہ کہنا تھا کہ خدا اپنے لوگوں کو چھوڑ دے گا اور اپنے وعدے توڑ دے گا۔
یسوع اپنے شاگردوں کو خبردار کرتے ہیں کہ آنے والی جنگوں سے وہ خود بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ خدا اُنہیں قوت عطا کرے گا، مگر اُنہیں اپنی زندگی میں ظلم اور دُکھ کی توقع رکھنی چاہیے (لوقا 21:12، 32)۔
یہ تمام پیش گوئیاں اعمال کی کتاب میں پوری ہوئیں (جس کے بارے میں آپ اعمال 5:40-41 میں پڑھ سکتے ہیں) اور آخرکار اُس وقت جب 70 عیسوی میں رومی فوج نے یروشلیم کو تاراج کیا۔ اِن تنبیہات کا مقصد یسوع کے شاگردوں کی حوصلہ افزائی ہے کہ ابنِ آدم کے انتظار میں اُن کا ثابت قدم رہنا بچاؤ کے عمل اور رِہائی تک پہنچائے گا (لوقا 21:28)۔
اِس پورے حصے میں یسوع انسانی تاریخ کے واقعات کے بارے میں بات کرنے کے لیے پُرزور کائناتی زبان استعمال کرتے ہیں (21:25)۔ پرانے عہدنامے میں نبیوں نے بھی ایسا ہی کیا۔ اُنہوں نے شہروں اور قوموں کے دشمنوں کے ہاتھ میں گِر جانے کا ذکر کرنے کے لیے ”آسمان پر نشان“ کا بیان کیا (یسعیاہ 13:10؛ 24:23؛ حزقی ایل 32:7؛ یوایل 2:10، 31؛ 3:15)۔
اور یسوع جو سب سے زوردار تصویریں استعمال کرتے ہیں اُن میں سے ایک دانی ایل کی کتاب سے ہے جہاں ابنِ آدم کو ”بادلوں پر آتے ہوئے“ دیکھا جاتا ہے (لوقا 21:27، دانی ایل 7:13)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جب یسوع نے یروشلیم کے گِرنے کی پیش گوئی کی تو بہت سے یہودی یہ نتیجہ نکالتے کہ خدا نے اپنے لوگوں کو چھوڑ دیا ہے اور دنیا کا خاتمہ آ رہا ہے۔ فطری طور پر وہ مایوسی میں پڑ جانے کی آزمائش میں آتے (لوقا 21:26)۔ لیکن یسوع یہ کہہ کر اُنہیں تسلی دیتے ہیں کہ اگرچہ قومیں، شہر اور ہیکلیں بھی گِر جاتی ہیں، مگر یسوع کی بادشاہی اور اُن کا کلام ہمیشہ کے لیے قائم رہے گا (لوقا 21:33)۔
خدا کے وعدے یروشلیم یا ہیکل کو محفوظ رکھنے سے پورے نہیں ہوں گے؛ وہ یسوع میں پورے ہوں گے۔ جیسے دانی ایل نے دیکھا کہ ایک ابنِ آدم ایک حیوان کے ہاتھوں کُچلا جاتا ہے اور پھر اقتدار میں سرفراز ہوتا ہے، ویسے ہی یسوع وہ انسان ہیں جو انسانی بدی کے ہاتھوں قتل کیے جاتے ہیں، موت پر غالب آتے ہیں، اور بادلوں میں خدا کی دہنی طرف سربلند کیے جاتے ہیں۔ ایک ایسے شہر کے برعکس جسے گرایا جا سکتا ہے یا ایک ایسی ہیکل کے برعکس جسے جلایا جا سکتا ہے، یسوع خود وہ نئی ہیکل ہوں گے جس پر کوئی فتح نہیں پا سکتا۔ اور چونکہ اُن کی موت اور جی اُٹھنے نے موت کی بادشاہی اور جہنم کی آگ کو مغلوب کر دیا، اِس لیے ہر وہ شخص جو اپنے اوپر ہونے والے ظلم اور اپنی موت تک وفادار رہتا ہے، ہمیشہ کے لیے ایک نئے یروشلیم میں ابنِ آدم کے ساتھ کھڑا ہو گا (لوقا 21:36)۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے وعدے پورے کرتا ہے اور اپنے لوگوں کو کبھی نہیں چھوڑتا۔ اور آپ یسوع کو ہماری اُس ہیکل کے طور پر دیکھیں جو کبھی فنا نہیں ہوتی اور جو ہمارے لیے ایک ابدی یروشلیم محفوظ کرتی ہے۔

