کیا ہو رہا ہے؟
یسوع زمین پر اپنی آخری رات اپنے شاگردوں کو اپنی موت کے لیے تیار کرنے میں گزارتے ہیں۔ اور یہ کام وہ فسح کے کھانے کے دوران کرتے ہیں۔
عیدِ فسح اِس بات کی یادگار تھی کہ خدا نے اسرائیل کو مصر سے چھڑایا۔ ہزاروں سال تک بنی اسرائیل برّہ اور روٹی کھاتے اور مَے پیتے رہے تاکہ اُنہیں یاد رہے کہ خدا نے اُنہیں فرعون کے ہاتھ سے چھڑایا تھا۔ لیکن یسوع اپنے شاگردوں سے کہتے ہیں کہ یہ علامتیں اب پیچھے کی طرف نہیں بلکہ آگے، یعنی اُن کی طرف اشارہ کرتی ہیں (لوقا 22:19-20)۔ جیسے روٹی توڑی اور بانٹی جاتی ہے، ویسے ہی یسوع اپنے لوگوں کے لیے اپنے آپ کو دے دیں گے۔ جیسے برّے کے خون نے ایک وقت اسرائیل کو زندگی کے لیے نشان زد کیا، ویسے ہی یسوع کا خون اُن کے لوگوں کو نشان زد اور آزاد کرے گا۔ اور جیسے مَے اُنڈیلی جاتی ہے، ویسے ہی یسوع کی جان اُنڈیلی جائے گی تاکہ ہمیں خدا کے عہد میں شامل کیا جائے۔
یسوع کہتے ہیں کہ یہ سب ایک دغا باز کے سبب سے ہو گا (لوقا 22:21)۔ شاگرد اِس پر بحث کرنے لگتے ہیں کہ اُن میں سے کس کے یسوع کو پکڑوانے کا سب سے زیادہ امکان ہے، اور اُن کی بحث اِس مقابلے میں بدل جاتی ہے کہ سب سے بڑا شاگرد کون ہے (لوقا 22:24)۔ یسوع اُنہیں ملامت کرتے ہیں۔ وہ اُن سے کہتے ہیں کہ جو سب سے بڑا ہے وہ سب سے چھوٹا ہے۔ جو آخری ہے وہ پہلا ہے۔ بڑائی اِس سے حاصل نہیں ہوتی کہ کتنے لوگ اُن کی خدمت کرتے ہیں، بلکہ اِس سے کہ وہ کتنوں کی خدمت کرتے ہیں (لوقا 22:27)۔
پھر یسوع اُنہیں آگاہ کرتے ہیں کہ اُن کی پیروی کرنا اب بہت زیادہ مشکل ہونے والا ہے۔ ایک شیطانی قوت یہوداہ پر قابض ہو چکی ہے اور پطرس کی تاک میں ہے (لوقا 22:31)۔ یسوع پیش گوئی کرتے ہیں کہ پطرس تین بار اُن کا انکار کرے گا (لوقا 22:34)۔ یسوع اُنہیں خبردار کر رہے ہیں کہ اُن کی خدمت کے پُرامن دن اور طریقے اب ختم ہو چکے ہیں (لوقا 22:36)۔
شاگرد غلط سمجھتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ اِس کا مطلب لڑائی ہے۔ یسوع اُن سے کہتے ہیں کہ بس کرو (لوقا 22:38)۔ لیکن جب یہوداہ اُنہیں پکڑوانے کے لیے آتا ہے، تو اُن میں سے ایک سردار کاہن کے نوکر کا کان اُڑا دیتا ہے (لوقا 22:50)۔ یسوع اُنہیں پھر ملامت کرتے ہیں اور جب لوگ اُنہیں گرفتار کر رہے ہیں تو وہ اپنے مخالف کو شفا دیتے ہیں (لوقا 22:51)۔ پطرس یسوع کے پیچھے سردار کاہن کے گھر تک جاتا ہے، مگر تین بار یہ انکار کرتا ہے کہ وہ یسوع کو جانتا ہے (لوقا 22:61)۔
یسوع کی ہر پیش گوئی پوری ہوتی ہے۔ یہوداہ اُنہیں پکڑوا دیتا ہے۔ اُنہیں رومی اور یہودی شریعت کے ایک خطاکار کی طرح گرفتار کیا جاتا ہے۔ پطرس تین بار اُن کا انکار کرتا ہے۔ عجیب بات یہ ہے کہ جن آدمیوں نے یسوع کو گرفتار کیا، وہی اُن کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر ایک نبی کے طور پر اُن کا مذاق اُڑاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ اُنہیں کون مار رہا ہے (لوقا 22:64)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع محض ایک نبی نہیں، بلکہ وہی ہیں جس کے بارے میں پیش گوئی کی گئی تھی۔ یسوع فسح کا سچا برّہ بن کر اور خطاکاروں میں شمار کیے جا کر ایک حتمی خروج کو یقینی بناتے ہیں، جو اسرائیل کو موت اور خطا سے بچاتا ہے (لوقا 22:37)۔
چونکہ یسوع اِس بات کے لیے راضی ہوئے کہ اُن کا خون مَے کی طرح اُنڈیلا جائے اور اُن کا بدن روٹی کی طرح توڑا جائے، اِس لیے موت ہمارے اوپر سے گزر جاتی ہے، جیسا کہ مصر میں اسرائیل کے ساتھ ہوا تھا۔ یسعیاہ 53:12 کہتا ہے کہ یسوع نے ”بہتوں کے گناہ اُٹھا لیے اور خطاکاروں کی شفاعت کی۔“ یہی سبب ہے کہ یسوع نے پطرس کے لیے دعا کی، جس نے تین بار اُن کا انکار کیا (لوقا 22:32)۔ یہی سبب ہے کہ یسوع نے اُن سپاہیوں کو معاف کیا جنہوں نے اُنہیں صلیب پر کیلوں سے جڑ دیا (لوقا 23:34)، اور یہی سبب ہے کہ اُنہوں نے اپنے ساتھ لٹکے ہوئے چور سے وعدہ کیا کہ وہ فردوس میں داخل ہو گا (لوقا 23:43)۔ یسوع فسح کا وہی برّہ ہیں جس کے بارے میں پیش گوئی ہوئی تھی اور جو مجرموں میں شمار کیا گیا۔ اپنی موت کے ذریعے وہ منفرد طور پر اِس لائق ٹھہرے کہ ہماری شفاعت کریں اور ہمیں بچائیں۔
خود دیکھیں
روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے اپنے لوگوں کے لیے مکمل اور حتمی رِہائی کا وعدہ کیا۔ اور آپ یسوع کو دیکھیں، جو خطاکاروں میں شمار کیے گئے تاکہ اُن کی قربانی کے ذریعے گناہ اور موت ہمارے اوپر سے گزر جائیں۔

