کیا ہو رہا ہے؟
یسوع ایک بادشاہ کی طرح یروشلیم میں داخل ہوتا ہے۔ جب وہ گزرتا ہے تو بھیڑ خوشی کے نعرے لگاتی ہے اور اپنی چادریں راستے میں بچھا دیتی ہے۔ اُس کے شاگرد پکار اُٹھتے اور گاتے ہیں کہ یسوع وہی ہے جس کا مدت سے انتظار تھا، یعنی سلامتی کا بادشاہ (لوقا 19:38)۔ فریسی اُس پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہیں (لوقا 19:39)۔ اور یسوع اُس شہر پر روتا ہے جس کے بارے میں وہ جانتا ہے کہ وہ اُسے اور اُس سلامتی کو جو وہ لاتا ہے رد کر دے گا (لوقا 19:42)۔
جب یسوع ہیکل میں پہنچتا ہے تو وہ قربانیاں بیچنے والوں کو باہر نکال دیتا ہے اور مذہبی پیشواؤں کو اِس بات پر ملامت کرتا ہے کہ اُنہوں نے خدا کی ہیکل کو بگاڑ دیا ہے (لوقا 19:46)۔ یسوع ایک فتح مند بادشاہ کی طرح ہیکل میں داخل ہوتا ہے اور نئے قوانین مقرر کرتا ہے۔
مذہبی رہنما سخت غصے میں ہیں اور یسوع اور اُس کی نیک نامی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ تین بار وہ کھلے عام ایسے سوالوں کے ساتھ یسوع اور اُس کے اختیار کو چیلنج کرتے ہیں جو اُسے پھنسانے کے لیے تیار کیے گئے تھے (لوقا 20:20)۔ لیکن ہر بار جب وہ اُسے نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، یسوع کسی سوال یا تمثیل سے جواب دیتا ہے جو اُن کے جواز کو گرا دیتا ہے اور اپنے جواز کو نمایاں کرتا ہے۔
یسوع کی تمثیل سردار کاہنوں کو ایسے قاتل باغبانوں کے طور پر پیش کرتی ہے جو اپنے مفادات کی حفاظت کے لیے قتل کرنے پر بھی تیار ہیں (لوقا 20:19)۔ اور یسوع کے سوال ہمیشہ بےجواب رہ جاتے ہیں، کیونکہ جواب دینے کا مطلب یہ ہوتا کہ وہ یا تو یہ مان لیں کہ یسوع خدا کی طرف سے بھیجا گیا ہے، یا اپنے پوشیدہ مقاصد کو ظاہر کر دیں (لوقا 20:5-6)۔ خوف کے مارے یسوع کے دشمن پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور اُس سے مزید بات کرنے سے انکار کر دیتے ہیں (لوقا 20:40)۔
لیکن یسوع آگے بڑھتا ہے۔ وہ مسیح کی شناخت کے بارے میں ایک اَور سوال رکھتا ہے جس کا وہ پھر جواب نہیں دے پاتے (لوقا 20:41، 44)۔ اِس کے بعد وہ فقیہوں کی نمود و نمائش پر اُنہیں ملامت کرتا ہے، جبکہ ایک بیوہ کو اُس کی غریبی میں مبارک کہتا ہے (لوقا 20:46، 21:3)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع محض ایک اَور انقلابی نہیں جو اپنا نسب نامہ بادشاہ داؤد تک پہنچاتا ہے (لوقا 3:31)۔ یسوع خود خدا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یسوع فقیہوں سے پوچھتا ہے کہ مسیح بیک وقت داؤد کا بیٹا اور داؤد کا خداوند کیسے ہو سکتا ہے۔ داؤد بادشاہ تھا، اور لفظ ”خداوند“ برتری کو ظاہر کرتا ہے۔ کوئی بادشاہ اپنے بیٹے کو ”خداوند“ نہ کہے گا، سوائے اِس صورت میں کہ وہ بیٹا کسی طور اُس سے بڑا بادشاہ ہو۔ یسوع یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اُس کا اختیار صرف وراثت میں ملا ہوا نہیں؛ یہ الٰہی ہے۔ یسوع داؤد کا بیٹا بھی ہے اور خدا کا بیٹا بھی۔
یہ خوشخبری ہے، کیونکہ اِس کا مطلب یہ ہے کہ یسوع کے پاس فریسیوں کے قربانیاں خریدنے اور بیچنے کے نظام کو اُلٹ دینے کا اختیار بھی ہے اور ایک بہتر راہ پیش کرنے کی قدرت بھی۔ اپنے شاہانہ اختیار سے یسوع اپنے دشمنوں کے بدعنوان نظاموں کو گرا دیتا ہے (لوقا 20:18)۔ اور اپنی شاہانہ قدرت سے وہ عاجزوں کو سرفراز کرتا ہے۔ وہ غریبوں کو ایسی معافی عطا کرتا ہے جسے وہ اپنے بل بوتے پر کبھی حاصل نہ کر سکتے تھے، اور اپنے فضل سے اُسے مفت پیش کرتا ہے۔ اِسی لیے یسوع نے بیچنے والوں کو باہر نکال دیا۔ اُس کی بادشاہی میں خدا تک رسائی اور گناہ کی معافی پیسوں سے نہیں خریدی جاتی، بلکہ اُس عورت کی طرح جس کے پاس دو دمڑیاں تھیں، اپنا سب کچھ عاجزی سے پیش کرنے سے ملتی ہے۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو بادشاہ ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو خدا کے بیٹے کے طور پر دیکھیں جو اب ہر دشمن سے بالاتر تخت پر بیٹھا ہے۔

