کیا ہو رہا ہے؟
آج کے حصے میں یسوع تین سوالوں کا جواب دیتے ہیں: خدا کی بادشاہی کیسی ہے (لوقا 13:18)؟ اُس بادشاہی میں کون داخل ہوگا (لوقا 13:23)؟ اور خدا کی بادشاہی کا شہری اور یسوع کا شاگرد بننے کے لیے کیا درکار ہے (لوقا 14:27)؟
یسوع پہلے سوال کا جواب سبت کے دن دو بیمار لوگوں کو شفا دے کر دیتے ہیں۔ سبت کا مقصد یہ تھا کہ اِس بات کی خوشی منائی جائے کہ خدا نے اسرائیل کو اُس کی غلامی سے آزاد کیا۔ چنانچہ یسوع ایک بیمار عورت کو آزاد کرتے ہیں اور ایک مریض آدمی کو رِہائی دیتے ہیں (لوقا 13:16؛ 14:4)۔ جیسے رائی کا دانہ زمین سے پھوٹ نکلتا ہے یا آٹے کا لوندا آہستہ آہستہ بڑھتا ہے، ویسے ہی یہ شفائیں اِس بات کا ثبوت ہیں کہ خدا کی بادشاہی غیرمتوقع اور خاموش طریقے سے آ رہی ہے۔
اِس لیے بھیڑ سوچتی ہے کہ خدا کی آرام اور آزادی کی بادشاہی میں کون داخل ہوگا۔ یسوع اُنہیں بتاتے ہیں کہ بادشاہی کے شہری وہ لوگ نہیں ہوں گے جو یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ وہ پہلے ہی پہنچ چکے ہیں یا خدا کی تاریخ میں اُن کا کوئی خاص مقام ہے۔ جو لوگ دروازہ بند ہو جانے کے بعد اُسے کھٹکھٹائیں گے، وہ اُسے اندر سے بند پائیں گے (لوقا 13:25)۔ جو ضیافت کی میزوں پر سب سے اچھی جگہوں پر بیٹھتے ہیں، اُن سے کہا جائے گا کہ کہیں اور بیٹھیں (لوقا 14:9)۔ جو شادی کی دعوتیں ٹھکراتے ہیں، وہ دیکھیں گے کہ اُن کی جگہیں لنگڑوں، اندھوں اور اپاہجوں کو دے دی گئی ہیں (لوقا 14:21)۔
اِن میں سے ہر تمثیل فریسیوں کے اُس گمان پر ملامت ہے کہ گنہگاروں اور غریبوں کے لیے ہمدردی کی کمی اُن سے ”خدا کے برگزیدہ لوگ“ ہونے کا مرتبہ کبھی نہیں چھین سکتی۔ یسوع اُنہیں خبردار کرتے ہیں کہ جو اپنے آپ کو پہلا سمجھتے ہیں وہ آخری ہوں گے، اور جن سب کو وہ آخری سمجھتے آئے ہیں وہ خدا کی بادشاہی میں پہلے شہری بن کر اُن کی جگہ لیں گے (لوقا 13:30)۔
تو یسوع اِس بادشاہی کے شہریوں میں کیا چاہتے ہیں؟ اُن کا شاگرد بننے کے لیے کیا درکار ہے؟ یسوع کہتے ہیں کہ یہ مشکل ہوگا۔ یہ تنگ دروازے سے زور لگا کر داخل ہونے، صلیبیں اٹھانے اور اپنا سب کچھ ترک کر دینے جیسا ہوگا (لوقا 13:24؛ 14:27، 33)۔ اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ سرفراز ہونے کے لیے اپنے آپ کو بالکل فروتن کیا جائے (لوقا 14:11)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگر آپ بیمار، غریب، معذور، مظلوم یا نظرانداز کیے گئے ہیں، تو آپ پہلے ہی جانتے ہیں کہ سب سے چھوٹا ہونا کیا ہوتا ہے۔ آپ کی زندگی نے آپ کو پہلے ہی فروتن بنا دیا ہے۔ خوشخبری یہ ہے کہ نجات، شفا، رِہائی اور عزت کا تجربہ کرنے کی یسوع کی دعوت آپ کو—جو آخری ہیں—سب سے پہلے پہنچتی ہے۔
عام طور پر مذہبی، دولت مند اور صاحبِ مرتبہ لوگ نہ سمجھتے ہیں اور نہ مدد کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ لیکن یسوع مختلف ہیں۔ یسوع نے گنہگاروں سے دوستی کی، مگر خود کبھی گناہ نہ کیا۔ یسوع کی دولت بےحساب تھی، مگر اُنہوں نے غریبوں کے دُکھ میں شریک ہونے کے لیے اُسے چھوڑ دیا۔ یسوع تمام خلقت پر اوّل ہیں، مگر وہ سب سے چھوٹے بنے تاکہ اُسے بچا سکیں۔ یسوع، جو عظیم ہیں، اُنہوں نے سب کچھ ترک کر دیا تاکہ ہمیں، جو سب سے چھوٹے ہیں، اپنا شاگرد بنائیں۔ اب یسوع ہم سب کو، خواہ امیر ہوں یا غریب، اپنی پیروی کی دعوت دیتے ہیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس عظیم خدا کو دیکھ سکیں جس کی بادشاہی سب سے پہلے سب سے چھوٹوں کے پاس آتی ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس کے طور پر دیکھیں جس نے اپنے آپ کو فروتن کیا تاکہ سب سے چھوٹے آسمان کی بادشاہی میں سب سے بڑے ہوں۔

