کیا ہو رہا ہے؟
یہودی سردار یسوع کو اِس دعوے پر قتل کرنے کے لیے تیار ہیں کہ وہ خدا کا بیٹا ہے (لوقا 22:71)۔ مسئلہ یہ ہے کہ اُن کے پاس خود سے اُسے قتل کرنے کا اختیار نہیں۔ چنانچہ وہ یسوع کو روم کے لیے ایک سیاسی خطرہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں (لوقا 23:1-2)۔ لیکن بار بار یسوع کو بےقصور قرار دیا جاتا ہے۔
پیلاطس تین بار کہتا ہے کہ یسوع نے کوئی غلط کام نہیں کیا (لوقا 23:4، 14، 22)۔ ہیرودیس کہتا ہے کہ یسوع بےقصور ہے (لوقا 23:15)۔ ایک ہجوم یسوع کو مصلوب کرنے کے نعرے لگاتا ہے، اور وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک خونی اور فسادی کے بجائے اُسے مار دیا جائے (لوقا 23:18-19)۔ جب یسوع صلیب پر لٹکایا جاتا ہے، تو اُس کے پاس والا مجرم پہچان لیتا ہے کہ اُس نے موت کی سزا کے لائق کچھ نہیں کیا (لوقا 23:41)۔ جس لمحے یسوع مرتا ہے، اُس کی مصلوبیت کی نگرانی کرنے والا صوبہ دار خدا کی پرستش کرتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ یسوع نہ صرف بےقصور بلکہ راستباز تھا (لوقا 23:47)۔
جیسا یسوع نے پیشین گوئی کی تھی، اُس کے ساتھ ویسا ہی سلوک ہوا اور وہ ”خطاکاروں میں شمار کیا گیا“ (لوقا 22:37)۔ وہ ایک مجرم کی طرح مرا، حالانکہ اُس نے کوئی غلط کام نہیں کیا تھا۔
یوسف نامی ایک شخص نے یسوع کو ”تیاری کے دن“ دفن کیا (لوقا 23:54)۔ یہ وہ دن تھا جب کام کے سب ادھورے معاملے نمٹا لیے جاتے اور سارا کھانا تیار کر لیا جاتا تاکہ اسرائیل سبت کے دن آرام کر سکے۔ یسوع کا بدن، اسرائیل کی طرح، آرام کے لیے تیار کیا گیا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جب یسوع مرتا ہے، تو ہیکل کا پردہ دو ٹکڑے ہو جاتا ہے (لوقا 23:45)۔ یہ پردہ گناہ آلود دنیا کو خدا کی پاک حضوری سے جدا کرتا تھا۔ یسوع کو مجرم ٹھہرایا گیا اور اُس کے ساتھ قصوروار جیسا سلوک کیا گیا، حالانکہ وہ بےقصور تھا۔ لیکن اُسی لمحے، ہر وہ چیز جو گنہگاروں کو خدا کی حضوری میں داخل ہونے سے روکتی تھی، گرا دی گئی۔
صلیب پر یسوع نے ہمارے گناہوں کا بوجھ اُٹھایا تاکہ ہم پر اُن کا زور توڑا جائے، اور ہم خطا کے لیے مر جائیں اور خدا کی حضوری میں مکمل معافی کے ساتھ جئیں (1 پطرس 2:24)۔
جیسے خدا نے چھ دن کام کیا اور پھر جب اُس کا کام مکمل ہو گیا تو سبت کے دن آرام کیا، ویسے ہی یسوع نے اپنی موت میں اپنا کام مکمل کیا اور سبت کے دن آرام بھی کیا۔ پولس لکھتا ہے کہ جس لمحے یسوع مرا، اُس نے ہر اُس شخص کو نئی مخلوق بنا دیا جو اُس پر بھروسا کرتا ہے (2 کرنتھیوں 5:17)۔ دوسرے لفظوں میں، جب سبت ختم ہوتا ہے، تو ایک نیا ہفتہ شروع ہوتا ہے۔ یسوع کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کا مطلب یہ ہے کہ خدا اب آرام میں نہیں ہے—وہ کام کر رہا ہے، قیامت کی زندگی پیش کر رہا ہے اور ہر اُس شخص کو نئی مخلوق بنا رہا ہے جو اپنی ٹوٹی ہوئی حالت یسوع کے سپرد کرتا اور اُس کی زندگی حاصل کرتا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو خلق کرتا اور آرام کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں نئی مخلوق بناتا ہے جو خدا کی حضوری میں جی سکتی ہے۔

