کیا ہو رہا ہے؟
یسوع کی بادشاہی میں ایسے لوگ شامل ہیں جن کی آپ توقع نہیں کرتے، اور ایسے لوگ خارج ہیں جن کی آپ توقع کرتے ہیں۔
یسوع غریبوں کو خوشخبری سناتا ہے۔ یسوع ایک رومی صوبہ دار کے نوکر کو شفا بخشتا ہے۔ یسوع ایک بیوہ کے بیٹے کو مُردوں میں سے جِلاتا ہے۔ یسوع ایک ایسی عورت کو بھی معاف کرتا ہے جس کے گناہ اِس قدر بدنام تھے کہ اُن کا ذکر بھی نہیں کیا گیا۔
یوحنا بپتسمہ دینے والا اپنے دو شاگردوں کو بھیجتا ہے تاکہ وہ یسوع سے پوچھیں کہ آیا وہی مسیح ہے جس کا وہ انتظار کرتے رہے ہیں (لوقا 7:19)۔ یسوع یوحنا سے کہتا ہے کہ وہ اُس کی خدمت کا پھل دیکھے—اندھے دیکھتے ہیں، لنگڑے چلتے ہیں، کوڑھی پاک صاف کیے جاتے ہیں، بہرے سنتے ہیں اور مُردے جِلائے جاتے ہیں (لوقا 7:22)۔ جو جسم، مال اور مرتبے میں غریب ہیں، اُنہوں نے یسوع کے کلام کے ذریعے خوشخبری سنی اور اُس کا تجربہ کیا ہے۔
فریسی اِس پیغام کی مخالفت کرتے ہیں (لوقا 7:30)۔ جن لوگوں کو یسوع اپنی طرف کھینچتا ہے، اُن کے ساتھ وہ راحت محسوس نہیں کرتے۔ اِس کے بجائے، فریسی گنہگاروں اور غریبوں کے ساتھ اپنی شناخت جوڑنے سے انکار کرتے ہیں۔ وہ یسوع کی عزت کرنے سے انکار کرتے ہیں، حتیٰ کہ معمولی آداب بھی نہیں نبھاتے۔ اور یوں وہ اپنے گناہوں کی معافی، اُس شفا جو یسوع لاتا ہے، اور خدا کی بادشاہی کی خوشخبری کے لیے اپنے دروازے بند کر لیتے ہیں۔
یسوع اِن مختلف ردِعمل کی وضاحت ایک تمثیل کے ذریعے کرتا ہے۔ یسوع ایک کسان کی مانند ہے جو فیاضی سے اپنا بیج بوتا ہے۔ وہ یہ بیج راستوں، پتھریلی زمین، کانٹوں اور کھیتوں پر بےدریغ بکھیرتا ہے۔ ہر ایک تک یہ خوشخبری پہنچتی ہے، لیکن سب اِسے قبول نہیں کرتے (لوقا 8:7-8)۔ بہت سے لوگ یسوع کا کلام سنتے اور خوشی سے قبول کرتے ہیں، مگر دوسرے اِس قدر مغرور ہیں کہ یہ ماننے کو تیار ہی نہیں کہ اُنہیں یسوع کی خوشخبری کی کوئی ضرورت ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع وعدہ کرتا ہے کہ ہر چھپی ہوئی چیز روشنی میں آئے گی (لوقا 8:17)۔ فریسی اپنی بےاعتقادی اور بدعنوانی میں اپنا چھپا ہوا غرور ظاہر کر دیتے ہیں۔ غریب، گنہگار اور پردیسی اپنی شفا اور نجات کے ذریعے اپنی فروتنی ظاہر کرتے ہیں۔ اور یسوع اُس اختیار سے اپنی چھپی ہوئی شناخت ظاہر کرتا ہے جس سے وہ فریسیوں کو مجرم ٹھہراتا، غریبوں کو شفا دیتا اور گنہگاروں کو معاف کرتا ہے۔
یہ خوشخبری ہے۔ جو کوئی یسوع کے پاس یہ جانتے ہوئے آتا ہے کہ اُس کے پاس کچھ نہیں اور اُسے معافی کی ضرورت ہے، اُسے معافی ملے گی، شفا ملے گی اور وہ آسمان کی بادشاہی میں سب سے بڑا کہلائے گا (لوقا 7:28)۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے بیٹے کو بھیج کر غریبوں کی ضرورت پوری کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اُن سب کے لیے، جو محتاجی میں اُسے پکارتے ہیں، شفا اور معافی کی بادشاہی کا اعلان کرتا اور اُسے قائم کرتا ہے۔

